لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین گروپ کے عون چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور یہ مطالبہ تسلیم ہونے کے بعد ہی حکومت ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار مطالبہ واپس لینے کی حکومتی درخواست ایک بار پھر مسترد کر دی ہے اور گروپ کے سینئر رہنماءعون چوہدری کا کہنا ہے حکومت کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور حکومتی شخصیات پر ہر مرتبہ واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے بعد ہی مزید مذاکرات ممکن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کیساتھ ملاقات میں ترین گروپ نے کوئی لچک نہیں دکھائی اور اب مذاکرات وزیراعظم عمران خان یا وفاقی ٹیم کے ساتھ ہی ہوں گے لیکن پہلے عثمان بزدار کی تبدیلی اور پھر دیگر ایجنڈے پر بات چیت کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ترین گروپ کے اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور اس حوالے سے پرانی تصاویر نکال کر ایک خاص تاثر دینے کی کوشی کی جا رہی ہے، حکومت الجھاؤ پیدا کر کے مزید وقت حاصل کرنے کی بے سود کوشش کر رہی ہے لیکن ہم جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہیں اور مشترکہ فیصلے کر رہے ہیں۔