’ووٹ پارٹی کی امانت ہے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کی انفرادی حیثیت نہیں ہوتی‘

’ووٹ پارٹی کی امانت ہے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کی انفرادی حیثیت نہیں ہوتی‘

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے جواب میں کہا کہ ووٹ پارٹی کی امانت ہے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کی انفرادی حیثیت نہیں ہوتی ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے جواب میں تاحیات نااہلی پر کوئی رائے نہ دیتے ہوئے کہا کہ تاحیات ناااہلی پر عدالت جو بھی رائے دے اس پر مطمئن ہوں گے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) عدالتی رائے کے نتیجے میں اس پر عملدرآمد کا پابند ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے ایم این اے کا ووٹ اس جماعت کا ہے جس کی سیٹ پر جیتا ، جن ارکان کی ویڈیو آئی ہیں ان کے ووٹ کا فیصلہ اسپیکر کی صوابدید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاست کی نئی بنیاد رکھے گا ۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس بات سے جڑا ہوا ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کرے ، ہارس ٹریڈنگ ، خچر اور گدھا ٹریڈنگ کو بند ہونا چاہئے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے جذبات میں آکر سندھ ہاؤس پر احتجاج کیا ، سندھ ہاؤس میں گھوڑا اور گدھا ٹریڈنگ کا مداوا ابھی نہیں ہوا ۔ سندھ ہاؤس میں جیسے ضمیر فروشی ہوئی اسے روکنا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی منڈی لگی ہوئی ہے ، ووٹوں کو خریدا جارہا ہے ۔ اتحادی جب تک کابینہ میں ہیں وہ حکومت کا حصہ ہیں ۔

مصنف کے بارے میں