اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ میں دائر صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سیاست کی نئی بنیاد رکھے گا اور پاکستان کا مستقبل اس بات سے جڑا ہوا ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کرے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ، خچر اور گدھا ٹریڈنگ کو بند ہونا چاہئے، سندھ ہاؤس میں جیسے ضمیر فروشی ہوئی اسے روکنا ضروری ہے، سندھ ہاؤس میں گھوڑا اور گدھا ٹریڈنگ کا مداوا ابھی نہیں ہوا، یہ کیس پاکستان کی سیاست کے مستقبل کی بنیاد ہے اور صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاست کی نئی بنیاد رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضاگیلانی کے ووٹ خریدنے کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں اور یہ ویڈیوز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کو دیں جبکہ عدالت نے بھی ووٹ خریدنے کی ویڈیو پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آج بھی منڈی لگی ہوئی ہے اور ووٹوں کو خریدا جا رہا ہے، جن ارکان کی ویڈیو آئی ہیں ان کے ووٹ کا فیصلہ سپیکر کی صوابدید ہے، ہمارا موقف ہے ایم این اے کا ووٹ اس جماعت کا ہے جس کی سیٹ پر وہ جیتا۔