آئین کا آرٹیکل 63اے اور 95 واضح، صدارتی ریفرنس عدالت کے قیمتی وقت کا ضیاع ہے: مسلم لیگ (ن)

آئین کا آرٹیکل 63اے اور 95 واضح، صدارتی ریفرنس عدالت کے قیمتی وقت کا ضیاع ہے: مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صدارتی ریفرنس کو عدالت کے قیمتی وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 63 اے اور 95 واضح ہے اور ہر رکن اسمبلی کا کاسٹ کیا گیا ووٹ گنتی میں شمار ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی صدارتی ریفرنس پر تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل63 اے اور95 واضح ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے اپنے تحریری جواب میں صدارتی ریفرنس کو عدالت کے قیمتی وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس آئین کی تشریخ کا اختیار ہے، ہر رکن کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے اور ہر رکن اسمبلی کا کاسٹ کیا گیا ووٹ گنتی میں شمار ہو گا۔ 
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق مختلف آئینی و قانونی معاملات کے حوالے سے دائر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست اور وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ 
صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، سیرینا چوک، نادرا چوک، ڈی چوک، میریٹ چوک سمیت تمام راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں