اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں عظیم افواج کے خلاف پراپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، اسٹیبلشمنٹ پاکستان کیساتھ ہے، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے، پاکستان میں انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں، باخبر آدمی ہوں، کوئی کہیں نہیں جا رہا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں اور حالات روزبروز بہتری کی طرف آئیں گے جبکہ اتحادیوں سے امید ہے کہ وہ اچھا فیصلہ کریں گے، اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے لوگ ہیں، پارٹیاں بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عظیم فوج اور عدلیہ دور اندیش ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب ان کو فوج کا خیال آ ہے تو بہت اچھی بات ہے، عظیم افواج کے خلاف پراپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے اور جو بھی فوج یا عدلیہ کے خلاف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو ان کے مطالبے کے مطابق جلسے کی اجازت دیدی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی، کل کو اگر کوئی واقعہ ہو جائے تو وزارت داخلہ اس کی ذمہ دار نہیں ہو گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں اور امید ہے کہ وہ اچھا فیصلہ ہی کریں گے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، آج کے بعد خبریں دوں گا کیونکہ میں باخبر آدمی ہوں، بتا دیتا ہوں کہ کوئی کہیں نہیں جا رہا، عمران خان 27 مارچ کو پریڈ گراﺅنڈ میں تاریخی جلسہ کریں گے۔