اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے تجویز کردہ اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری کے بعد پیٹرول کی مد میں 6 فیصد اضافے کے حساب سے مارجن میں 17 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیز کیلئے ایک لیٹر پیٹرول پر نیا مارجن 2.98 روپے ہو گا۔ اسی طرح 6 فیصد کے حساب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کے مارجن کی مد میں بھی 17 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیز کیلئے ہائی سپیڈ ڈیزل پر نیا مارجن 2.98 روپے ہو گا۔
ڈیلرز کیلئے پیٹرول کی مد میں 6 فیصد کے حساب سے مارجن میں 22 پیسے اضافہ ہوا اور یوں ڈیلرز کیلئے ایک لیٹر پیٹرول پر اب نیا مارجن 3.92 روپے ہو گا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی مد میں 6 فیصد کے حساب سے مارجن میں 19 پیسے اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل پر نیا مارجن 3.31 روپے ہو گا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر نے وفاقی کابینہ سے سمگلنگ یا بدعنوانی میں ملوث 58 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جن میں سے 8 آئل مارکیٹنگ کمپنیاں 92فیصدصارفین کوپیٹرولیم مصنوعات فراہم کررہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے حقائق کے باوجود بدعنوانی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی لیکن اس کے باوجود آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے خلاف ضابطہ عبوری لائسنسوں پر کمپنیوں کو کام کرنے کی کھلی چھوٹ دی۔