ماسکو: روسی لڑاکا طیارے کی پرواز کے دوران ایمرجنسی انخلاء کا نظام خوبخود ایکٹو ہونے کی وجہ سے سیٹیں حادثاتی طور پر کھل گئیں جس کے نتیجے میں تین پائلٹس ہلاک ہو گئے اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے جبکہ یہ جاننے کیلئے کہ حادثہ تھا یا انسانی غلطی، تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی دارالحکومت سے 90 میل کی دوری پر کالوگا کے علاقے میں تربیتی مشن پر اڑان بھرنے والے بمبار طیارے کا ’’ایجیکشن سسٹم‘‘ حادثاتی طور پر فعال ہوگیا اوردوران پرواز ہی طیارے میں موجود چاروں افراد کو طیارے سے باہر پھینک دیا۔
ہزاروں فٹ اونچائی سے گرنے کی وجہ سے 3 پائلٹس موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چوتھے پائلٹ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ہلاک ہونے والوں میں شائکوکا ایئربیس کے بمبار یونٹ کے کمانڈر کرنل وڈیم بھی شامل ہیں۔ حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاہم کچھ ماہرین کا قیاس ہے کہ یہ طیارے میں بجلی کی خرابی یا کسی انسانی غلطی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ فوجی بمبار طیاروں میں پائلٹ کی کرسی میں ایمرجنسی انخلاء کا نظام بھی موجود ہوتا ہے جسے پائلٹ ہنگامی صورتحال میں استعمال کرتا ہے اور سیٹ بارودی مواد یا راکٹ موٹر کی مدد سے بھرپور طاقت کے ساتھ طیارے سے باہر آتی ہے اور پھر خود بخود پیراشوٹ کھل جاتا ہے جس سے کرسی پائلٹ سمیت زمین پر اتر جاتی ہے۔