لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءمونس الٰہی نے صوبہ پنجاب میں طلبہ کی بجائے پٹواریوں کو لیپ ٹاپ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وباء کے دوران پٹواریوں کو نہیں بلکہ طلبہ کو آن لائن تعلیم کیلئے لیپ ٹاپس کی زیادہ ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء مونس الٰہی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کی جانب سے طلبہ کیلئے لئے گئے لیپ ٹاپس پٹواریوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حالانکہ عالمی وباء کے باعث طلبہ کو آن لائن تعلیم کیلئے لیپ ٹاپس کی زیادہ ضرورت ہے لہٰذا پی ایچ ای سی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
ہائرایجوکیشن کمیشن کاپنجاب کی یونیورسٹیوں اورتعلیمی بورڈز کے پاس موجود طلبہ کےہزاروں لیپ ٹاپس پٹواریوں کےحوالے کرنےکا فیصلہ۔
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) March 24, 2021
موجودہ #CoronaVirus بحران میں مستحق اورلائق طلبہ کوآن لائن تعلیم کےلیےلیپ ٹاپس کی زیادہ ضرورت یاپٹواریوں کو؟#HEC اس فیصلہ پرنظرثانی کرے. #OnlineEducation
واضح رہے کہ حکومت پنجاب چار ہزار سے زائد نئے پٹواری بھرتی کرے گی جو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا علم بھی رکھتے ہوں گے اور انہیں ریونیو اکیڈمی میں تعلیم دینے کے بعد پورے پنجاب میں دیہات کی سطح پر بننے والے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں تعینات کیا جائے گا، ذرائع بورڈ آف ریونیو حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس کے آخر تک 8 ہزار نئے اراضی ریکارڈ سنٹرز بنا دیئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ذہین طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس کیلئے ہر سال ایک لاکھ کے قریب لیپ ٹاپس منگوائے جاتے تھے تاہم گزشتہ سال یہ خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں عوامی ٹیکسوں کی رقم سے خریدے گئے لیپ ٹاپ پنجاب حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث طلباء میں تقسیم ہی نہیں کئے جا سکے تھے۔
طلباء میں تقسیم کئے جانے کی غرض سے لئے گئے یہ لیپ ٹاپس سٹور روم میں رکھنے کے باعث خراب ہو گئے تھے جبکہ ان لیپ ٹاپ کی بیٹریاں اور سافٹ ویئرز بھی آؤٹ ڈیٹیڈ ہو چکے ہیں۔ 2013ء سے لے کر 2016ء تک خریدے جانے والے لیپ ٹاپ میں سے 1,343 لیپ ٹاپ سٹور روم میں رکھے ہیں۔