کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکًت آصف علی زرداری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اختلافات دور کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کیلئے مصالحت پر مبنی پیغام بھجوا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے وفد سے ملاقات کی جس دوران پی ڈی ایم میں اختلافات کرانے پر مشاورت کی گئی ۔آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران پی ڈی ایم کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بی این پی وفد کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ (ن) کیلئے مصالحتی پیغام بھی بھجوایا ہے جو کل (ن) لیگی قیادت تک پہنچا دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی این پی کی جانب سے شروع کی جانے والی کوششوں سے بریک تھرو کا امکان پیدا ہو گیا ہے جس کا وفد کل مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ملاقات کے دوران آصف علی زرداری کا پیغام پہنچائے گا۔ بی این پی وفد کا کہنا تھا کہ ’ اختر مینگل کی ہدایت پر مشن پر نکلے ہیں تاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اختلافات ختم ہوں، مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نیب پیشی پر جانے کیلئے بھی تیار ہیں‘۔
سینیٹر جمال الدین کا کہنا تھا کہ ’آصف علی زرداری نے ملاقات کےدوران مثبت پیغام دیا جسے مسلم لیگ (ن) کی قیادت تک پہنچا کر رنجشیں ختم کرنے کی کوشش کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ پی ڈی ایم قائدین مشترکہ موقف اپنائیں تاکہ اتحاد کو نقصان نہ پہنچے‘۔
واضح رہے کہ لانگ مارچ سے قبل اسمبلیوں سے مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر پی پی پی نے حتمی فیصلے کیلئے وقت طلب کیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ قبل ازیں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری اور نوازشریف سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے اور بیان بازی سے گریز کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔