راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی سٹریٹیجک کمانڈ کے کمانڈر نے ملاقات کی اور سر پیٹرک نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات کو سراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی سٹریٹیجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل سر پیٹرک نکولس یارڈلے کی جی ایچ کیو آمد ہوئی جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں پیشہ وارانہ امور، باہمی تعاون، علاقائی سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
برطانوی کمانڈر سٹریٹیجک کمانڈ نے پاک آرمی کی انسداد دہشتگردی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل سمیت علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار قابل قدر ہے۔ آرمی چیف نے برطانوی کمانڈر سٹریٹیجک کمانڈ سے اظہار تشکر کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک آرمی برطانیہ کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتی ہے۔
گزشتہ ہفتے آرمی چیف سے سری لنکن فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس سلواکا نے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ سری لنکا کے کمانڈر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر جنرل سلواکا نے پاک سری لنکا تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنرپیش کیا اور سری لنکن کمانڈر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے تھے۔