اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، جب تک آدمی مرتا نہیں کیس قائم رہتا ہے، سوئس مقدمات بھی آج نہیں تو کل ضرور کھل جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بڑا سیاستدان بڑے ظرف کا مالک ہوتا ہے۔ باہر سے کال دینے کیلئے امام خمینی ہونا ضروری ہوتا ہے۔ بڑا سیاستدان ملک میں جیتا اور ملک میں ہی مرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کی نیب آفس میں پیشی صوبائی مسئلہ ہے، اگر یہ لوگ اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا۔ اصلی سیاستدان عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا۔ مریم نواز نے تو خود ضمانت حاصل کرلی اور دوسروں کو نیب کے آفس بلا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے، یہ میں کسی کو ڈرانے کیلئے نہیں کہہ رہا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنی شو آف پاور حکومت کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو دکھانا چاہتے ہیں۔ یہ اپنے اکھاڑے میں ہی دنگل کرنے جا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہو چکی ہے۔ 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتا دے میں 500 روپے انعام دوں گا، شیخ کے پانچ سو روپے 5 ہزار کے برابر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے، مجھے ان پر ترس آتا ہے۔ بطور سیاسی ورکر سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ دنیا میں کہیں نہیں سنا کہ عدالتوں پر وار کئے جائیں۔ پچھلی بار بھی سب نے پتھروں سے بھری گاڑی دیکھی۔ اس بار کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا۔ 26 مارچ کو کتنے آدمی نکلیں گے؟ یہ لوگ خود ہی ایکسپوز ہو جائیں گے۔