ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان بھی عالمی وباء کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر میں ہی ازخود قرنطینہ اختیار کر لیا ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عامر خان کے ترجمان نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ اداکار نے گزشتہ دنوں اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، اس لئے انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو سب سے الگ کرتے ہوئے قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عامر خان میں کورونا وائرس کی معمولی علامات ہیں تاہم اس کے باوجود وہ تمام ایس او پیز کو فالو کر رہے ہیں اور جو لوگ بھی عامر خان سے رابطے میں رہے وہ اپنا فوری طور پر ٹیسٹ کروا لیں۔دوسری جانب بالی ووڈ سٹار عامر خان نے جلد صحت یابی کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ کے پہلے اداکار نہیں بلکہ ان سے قبل کارتک آریان، نیتو سنگھ، رنبیر کپور اور سنی دیول سمیت دیگر اداکار بھی اس کا شکار ہو چکے ہیں۔ عامر خان کا شمار موجودہ فلم انڈسٹری کے قد آور فلمسازوں اور اداکاروں میں ہوتا ہے، اپنے کام سے ان کی والہانہ محبت کی وجہ سے لوگ انہیں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے پکارتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بہترین فلموں میں پی کے، گجنی، تھری ایڈیٹس، دنگل، دھوم تھری، لگان، فنا، سیکرٹ سپر سٹار، تلاش، دل، عشق، قیامت سے قیامت تک، من، انداز اپنا اپنا، میلہ، غلام، سرفروش، رنگیلا، جو جیتا وہی سکندر، اکیلے ہم اکیلے تم اور دیگر شامل ہیں۔