اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف اور ان کیساتھ مولانا فضل الرحمان نظام کا خاتمہ جبکہ پیپلز پارٹی موجودہ نظام کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔
یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں دوران گفتگو کی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ایک آر ایف پی جاری کیا ہے، جس میں ریکوائرمنٹ کا لکھا ہے۔ ہماری جانب سے الیکشن کمیشن کی تمام ریکوائرمنٹ پوری ہو گئی ہیں۔ پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا سافٹ ویئر ایکسپورٹر ہے۔ پاکستان الیکٹرونک ووٹنگ مشین بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر حکومت اور اپوزیشن مل کر آگے بڑھیں۔ انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں، اپوزیشن کو ساتھ دینا چاہیے۔ ہم نے اپنا ایجنڈا دیا ہے، اپوزیشن کو اس پر آگے بڑھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پارلیمنٹ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمنٹ میں موجود لیڈرشپ کو معاملات ہاتھ میں لینا چاہیں۔ وہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نظام کا خاتمہ جبکہ پیپلز پارٹی نظام آگے بڑھانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا رویہ بہتر نظر آ رہا ہے لیکن (ن) لیگ کی لیڈرشپ نابالغ ہاتھوں میں ہے۔ اپوزیشن اگر انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نہیں آتی تو پھر موقع کھو دے گی۔ سپیکر صاحب نے انتخابی اصلاحات کے لئے کمیٹی بنائی ہے۔ حکومت نے انتخابی اصلاحات پر ایک بار پھر سنجیدہ کوشش کی ہے۔
خیال رہے کہ اہم سیاسی معاملات حل نہ ہونے کی وجہ سے ان دنوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان چپقلش جاری ہے۔ دونوں جماعتیں سینیٹ میں اپنا قائد حزب اختلاف لانا چاہتی ہیں۔