اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں۔ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ آج حکومت اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ مودی جو مرضی کر لے اس کا گھناؤنا چہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج بھارت دنیا بھر میں کشمیریوں پر مظالم سے بے نقاب ہو رہا ہے۔ کہا جاتا تھا کہ پاکستان بننے کے بعد برصغیر 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا اور قائداعظم نے مسلمانوں کو تقسیم کرکے ان پر ظلم کیا لیکن آج بھارت میں یہ آوازیں اٹھ رہی ہیں قائداعظم کا نظریہ درست تھا۔ آج بھارت میں کسان بھی کہہ رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوئی، نظریہ پاکستان ٹھیک تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کے آگے جھکتا نہیں اور نہ کسی پر ظلم کرتا ہے۔ پاکستان کو جو بھی میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں مردوں، خواتین اور بچوں سے جو سلوک ہو رہا ہے، ہم اس سے غافل نہیں ہیں۔ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج ایک روز ضرور طلوع ہوگا۔ آئیں سوشل میڈیا، انسٹاگرام اور ٹویٹر پر کشمیریوں کی آواز بنیں۔ کشمیریوں کیلئے سوشل میڈیا پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کشمیر کو آزادی اور کشمیریوں کو ان کا حق عطا کرے۔