واشنگٹن :امریکی صدر نے اسلحے کی خرید و فروخت سے متعلق قانون سازی کا عندیہ دے دیا ہے ،یہ حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کولوراڈو میں حملے کے بعد کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کولوراڈو حملے کے بعد امریکی صدر نے اسلحے کی خرید و فروخت پر ایگزیکٹو حکم نامہ جاری کرنے کا عندیہ دے دیا ۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اسلحے کی خرید و فروخت سے متعلق قانون سازی کے لیے تیار ہیں ۔ کولوراڈو جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت ہے ، میرے اختیار میں جو کچھ ہوا وہ کروں گا ۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ قوانین میں ترامیم کے لیے ہاؤس کو جلد بل بھجوائیں گے ۔ مجرمانہ پس منظر رکھنے والوں پر اسلحہ خریدنے کی پابندی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زندگیوں کو بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ کولوراڈو واقعات پر وائٹ ہاؤس پر پرچم آج بھی سرنگوں ہے ۔گزشتہ روز امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دو گھنٹے مقابلے کے بعد حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔امریکی میڈیا کے مطابق مسلح شخص سوپر مارکیٹ میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجکر تیس منٹ پر داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ، حملے سے افراتفری مچ گئی اور لوگ جانیں بچنے کیلئے بھاگنے لگے ۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو گھیر لیا ، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا ، پولیس اور حملہ آور کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ دو گھنٹے تک جاری رہا ، بالاخر سفید فام حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔
پولیس کے مطابق ، فائرنگ کے محرکات اور حملہ آور کے ممکنہ ساتھیوں سے متعلق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ایک ہفتہ قبل بھی امریکا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا ، ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں سفید فام شخص کی تین مساج پارلرز میں فائرنگ سے 8 خواتین ہلاک ہو گئی تھیں ۔