اسلام آباد :پاکستان ریلوے نے آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل کرنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے جس میں کہا گیاہے کہ ملک بھر میں آج رات 12 بجے سے 31 مارچ تک ٹرین آپریشن معطل رہے گا ۔ ریلوے کی جانب سے کہا گیاہے کہ جن لوگوں نے ایڈوانس بکنگ کروا رکھی ہے انہیں مکمل طور پر ری فنڈ کیا جائے گا تاہم اگر کوئی 31 مارچ کے بعد سفر کرنا چاہتا ہے تو پھر اسے اکاموڈیٹ کیا جائے گا ۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیرصدارت وڈیو لنک کے ذریعے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں اجلاس ہوا ، ریلوے افسران نے کورونا وائرس سے متعلق ریلوے آپریشن کی موجودہ صورتحال پرسفارشات پیش کیں، اجلاس میں چیئرمین ریلوے بورڈ حبیب الرحمان گیلانی اور وزارت کے اعلیٰ افسران نے اسلام آباد سے شرکت کی، اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے وزیر ریلوے شیخ رشید عوام کو جلد آگاہ کرینگے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 892 ہو گئی ہے جبکہ اب تک چھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور چھ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں 6 اپریل تک جزوی طور پر لاک ڈاﺅن رہے گا جبکہ دیگر صوبوں میں بھی لاک ڈاﺅن کیا گیاہے ۔