اسلام آباد: حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو ماہانہ 3 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز اور فلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف دینے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔