ہندو لڑکیوں کا اغوا،فواد چودھری کا سشما سورا ج کو پاکستان کے معاملے میں بولنے پر منہ توڑ جواب

01:46 PM, 24 Mar, 2019

اسلام آباد:سندھ سے دو ہندو لڑکیوں کے اغوا پر بولنے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنے ملک کا خیال رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کے صوبہ سندھ میں تھر کے علاقے میں اغوا ہونے والی دو ہندو لڑکیوں کے حوالے سے ٹویٹ کی تھی کہ انہوں نے پاکستان میں اپنے ہائی کمشنر کو واقعہ کی رپورٹ بھیجنے کا کہا ہے۔اس ٹویٹ کے جواب میں فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، یہ مودی کا بھارت نہیں جہاں اقلیتوں پر ظلم کیا جاتا ہے یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے جہاں ہمیں اپنے جھنڈے کے سفید رنگ سے بھی اتنا ہی پیار ہے جتنا سبز سے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ آپ بھارت میں موجود اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بھی ایسا ہی ردِ عمل دیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تھر میں دو ہندو لڑکیوں کے اغوا کی اطلاعات آئی تھیں اور لڑکیوں کے گھر والوں نے کہا تھا کہ انکی لڑکیوں کو اغوا کر لیا گیا ہے، لیکن بعد میں 22مارچ کو پولیس نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں نے منظر عام پر آ کر اسلام قبول کر لیا ہے۔

اس حوالے سے اتوار کے روز وزیر اعظم پاکستان نے بھی سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی تھی واقعہ کی تفتیش کی جائے اور دونوں ہندو لڑکیوں کو بازیاب کروایا جائے۔

وزیر اعظم نے دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو مشترکہ حکمت عملی بنانے کا کہا تھا۔ فواد چوہدری نے اس سےپہلے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا تھا کہ اطلاعات کے مطابق لڑکیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے اس حوالے سے وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو دونوں لڑکیوں کی بازیابی کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں