ڈھاکہ :مقبول ترین گلوکارہ شہناز بیگم 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ،انہوں نے ”سوہنی دھرتی اللہ رکھے“ اور”جیوے جیوے پاکستان“ جیسے شہرہ آفاق ملی نغمے گائے جو آج تک بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ شہناز بیگم کا انتقال ہفتے کی رات بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے باریدھارہ میں گھر پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔ شہناز بیگم نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
ان کی بیٹی برطانیہ جب کہ بیٹا کینیڈا میں رہائش پذیر ہے۔2 جنوری 1952 کو ڈھاکہ میں پیدا ہونے والی شہناز بیگم نے بنگلہ دیش اور پاکستانی فلموں کے لیے کئی گانے گائے۔
سقوط ڈھاکہ کے بعد شہناز بیگم نے بنگلہ دیش ہی میں سکونت اختیار کرلی تھی تاہم وہ پاکستان اوربنگلہ دیشن دونوں ممالک میں یکساں مقبول تھیں، ان کے گائے ہوئے ملی نغمے”سوہنی دھرتی اللہ رکھے“اور”جیوے جیوے پاکستان“ کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی مقبول عام ہیں۔
شہناز بیگم نے 2010 میں عمرے کی ادائیگی کی، عمرے کی ادائیگی کے بعد ڈھاکہ واپسی پر انہوں نے اپنا گھر بیچ کر رقم غریبوں میں بانٹ دی تھی۔
شہناز بیگم کا گایا ہوا مقبول ترین ملہ نغمہ ”سوہنی دھرتی اللہ رکھے، قدم قدم آباد تجھے“ جمیل الدین عالی نے لکھا تھا جب کہ اس کی موسیقی سہیل رانا نے ترتیب سی تھی۔خیال رہے کہ شہناز بیگم کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔