لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور امریکن اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کیلئے 600 مہمانوں کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہی شادی کے لیے مہمانوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے کم کر کے 600 تک محدود کر دی گئی ہے۔ شاہی شادی میں شرکت کے لیے 600 مہمانوں کو سنہری مہر سے سجے امریکن سیاہ سیاہی سے لکھے گئے دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ تمام مہمانوں کو 19 مئی 2018 کی دوپہر 12 بجے تاریخی چرچ سینٹ جارج چپل ونڈسر کیسل میں مدعو کیا گیا ہے۔
شاہی مہمانوں کو شہزادہ ہیری کی دادی ملکہ ایلزبیتھ کی جانب سے ظہرانہ دیا جائے گا، جب کہ دولہا کے والد کی جانب سے 200 مہمانوں کو فروگ مور ہاس میں ایک نجی تقریب میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔ بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ مجموعی طور پر 600 میں سے 200 مہمانوں کو نجی تقریب میں کیوں بلایا گیا اور اس تقریب میں کون سی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
مہمانوں کو جاری کیے گئے دعوت نامے میں شہزادہ ہیری کو شاہی خاندان کے لقب سے بھی نوازا گیا ہے، انہیں پرنسز آف ویلز کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ ان کی ہونے والی دلہن امریکی اداکارہ میگھن مارکل کو شاہی لقب یا اعزاز سے نوازے بغیر صرف ان کا نام درج کیا گیا ہے۔