پی ایس ایل تھری کا فائنل کل ، سیکیورٹی فورسز نے نیشنل سٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا

07:43 PM, 24 Mar, 2018

کراچی : پی ایس ایل تھری کی فیصلہ کن معرکہ آرائی کیلئے میدان کل سجے گا، سیکیورٹی فورسز نے انتظامات کو حتمی شکل دے کر سٹیڈیم کا کنٹرول حاصل کر لیا ۔

کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ میں واپسی پر شہر بھر میں ہے میلے کا سا سماں ہے اور ہر کوئی پی ایس ایل فائنل کے جنون میں مبتلا ہے۔


شہر کی مختلف شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ فائنل کے لیے نیشنل سٹیڈیم تیار ہو چکا، ہر سٹینڈ میں صفائی ستھرائی کردی گئی ہے.

شائقین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگ گئیں اور وی آئی پیز کےلیے ریڈ کارپٹ بھی بچھ گیا، صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کرنے کےلیے 40 الیکٹرک کولر بھی اسٹیڈیم پہنچا دیئے گئے۔

براڈ کاسٹر کا عملہ میچ کو دنیا بھر میں براہ راست دکھانے کےلیے دن رات تیاریوں میں مصروف ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں سٹیڈیم پہنچ چکی ہیں جہاں دونوں ٹیمیں پریکٹس کریں گی جبکہ آج پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی ہوگی جس دوران دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے۔

مزیدخبریں