سپریم کورٹ کا ڈبہ بند دودھ کیس پر دبنگ فیصلہ

06:33 PM, 24 Mar, 2018

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے  ڈبہ بند دودھ کے کیس میں دبنگ فیصلہ سنا دیا ، ڈبہ بند دودھ پر ’ یہ دودھ نہیں ہے‘ کی عبارت لکھنے کے لیے بین الاقوامی فارمولے پر 6 ماہ جبکہ مقامی فارمولے پر 4 ماہ کا وقت دے دیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ڈبہ بند دودھ سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس دوران نجی کمپنی کے وکیل اعتراز احسن بھی پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نجی کمپنیوں کی جانب سے فارمولا دودھ کا سیمپل اشتہار پیش کیا گیا جبکہ وکیل اعتراز احسن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ فارمولا دودھ کے ڈبے پر لکھ دیا ہے کہ یہ 6 ماہ سے بڑے بچے کےلیے غذائی فارمولا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈبے پر یہ بھی لکھا ہے کہ ماں کا دودھ بہترین غذا ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ یہ لکھ دیں کہ یہ 6 ماہ سے بڑے بچے کے لیے فارمولا ہے، دودھ نہیں ہے۔

چیف جسٹس کے ریمارکس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اعتراز احسن نے کہا کہ ہم نے آپ کے گزشتہ حکم کے مطابق ڈبے پر ہدایات لکھیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے واضح طور پر کہا تھا کہ ڈبے پر لکھیں کہ یہ دودھ نہیں ہے، جب تک یہ نہیں لکھا جائے گا ہم کسی صورت اسے دودھ کہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ’یہ دودھ نہیں ہے‘ کی عبارت لکھنے کے لیے درآمد شدہ فارمولے پر 6 ماہ اور مقامی کے لیے 4 ماہ کا وقت دے دیا۔

مزیدخبریں