کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز حیدرآباد میں بھی کرانے کا اعلان کر دیا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور پی ایس ایل فائنل کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پی ایس ایل کے لیے سب نے بہت کوشش کی ہے اور میں انتظامات سے مطمئن ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اب آپ لوگ کراچی کو چھوڑیں، حیدرآباد کے نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی بات کریں کیونکہ اگلے سال وہاں بھی پی ایس ایل کے میچز کروائیں گے۔
اس سے قبل کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 3 کا آخری معرکہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اتوار 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں