ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکارہ گووندا سروس ٹیکس چوری کرنے پر متعلقہ محکمے کی گرفت میں آگئے۔ 60 لاکھ روپے کے سروس ٹیکس کی چوری کے سلسلہ میں سروس ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے فلم اداکار گووندا سے تحقیقات کا آغاز کرد یا۔ ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ ہفتے اس سلسلہ میں گووندا کو سمن جاری کیا تھا۔ افسران تحقیقات کے لئے ان کے گھر اور آفس بھی گئے لیکن گووندا موجود نہ تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار گووندا ٹی وی شو، کمرشیل اور فلم میں کام کرنے کے لئے گزشتہ تین سال سے سروس ٹیکس لے رہے تھے۔ مگر انہوں نے اس سروس ٹیکس کی رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی جگہ اپنے لئے استعمال کیا۔ٹیکس افسروں نے گووندا کے پچھلے تین سال کے بینک اسٹیٹمنٹ کی بھی دوبارہ جانچ کی۔ بیلنس شیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ تین سال میں انہوں نے 5 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گووندا کی طرف سے کئے گئے ٹیکس چوری کی جانچ افسروں نے دو ہفتے پہلے ہی شروع کر دی تھی۔ انہیں تین لیٹر بھی دئے گئے، جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ٹیکس افسروں نے گووندا سے کہا ہے کہ اگر وہ قانونی کارروائی سے بچنا چاہتے ہیں تو اگلے چند ہفتوں میں سروس ٹیکس کی یہ رقم جمع کرا دیں۔ ادھر ذرائع کے مطابق گووندا نے افسروں سے درخواست کی کہ وہ اتنی بڑی رقم جمع نہیں کر سکتے ہیں ، رقم کو کم کیا جائے۔