وزیراعظم کا گھوڑا گلی مری میں فارسٹ سروسز اکیڈمی کا افتتاح

06:42 PM, 24 Mar, 2017

مری :  وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعظم کے سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت گھوڑا گلی میں فارسٹ سروسز اکیڈمی کا افتتاح کیا ہے۔ اکیڈمی فارسٹ سائنسز میں خدمات اور پوسٹ گریجویٹ کی سطح پر تربیت فراہم کرے گی۔موسمیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر زاہد حامد ، وزیراعظم کے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں فوکل پرسن رضوان محبوب اور دوسرے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے فوکل پرسن سید رضوان محبوب نے وزیراعظم کو اکیڈمی کے اہم پہلوں اور مقاصد کے بارے میں بتایا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور جنگلات کے بارے میں تحقیق میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کا پہلا مرحلہ پانچ کروڑ بانوے لاکھ نوے ہزار روپے میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 2020 میں مکمل ہو گا۔وزیراعظم کو بہاولپور کے لال سوہانرا پارک میں شجرکاری کے بارے میں بتایا گیا جہاں بارہ سو ایکڑ اراضی پر جنگلات لگائے جا رہے ہیں جبکہ پانچ ہزار ایکڑ اراضی پر آئندہ تین سال میں شجرکاری کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پتیسر جھیل کی بھل صفائی کے بعد جھیل کے ماحول کو بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ پرندوں کو راغب کیا جا سکے۔اس موقع پر وزیراعظم نے عمارت کے احاطے میں ایک پودا لگایا۔ وزیراعظم نے اکیڈمی کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور طلبا اور تدریسی عملے کے ساتھ بات چیت کی.

مزیدخبریں