سینٹ لوشیا:ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے کپتان روہت شرما اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جسے روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ سے غلط ثابت کر دکھایا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کو پہلے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملی جب ڈیوڈ وارنر 6 رنز بنانے کے بعد سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔اس کے بعد ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دینے کپتان مچل مارش آئے اور دونوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 9 اوورز سے قبل ہی سکور کو 87 تک پہنچا دیا۔مچل مارش نے 28 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی اور اننگز کا تیسرا چھکا مارنے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری پر اکشر پٹیل نے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ لے کر آسٹریلین کپتان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔گلین میکسویل نے ریورس سوئپ پر چھکا اور چوکے لگا کر 20 رنز بنائے ہی تھے کہ کلدیپ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اگلے ہی اوور میں اکشر نے اسٹوئنس کا کام تمام کردیا۔
دوسرے اینڈ سے ٹریوس ہیڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری اسکور کی لیکن جسپریت بمراہ نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنانے والے ہیڈ کو پویلین رخصت کردیا۔آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اس طرح بھارت نے میچ میں 24 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے تین جبکہ کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف دیاتھا۔آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آسٹریلیا اپنے تجربہ کار بولر مچل سٹارک کو واپس لایا ۔
آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا تجربہ کار بیٹر ویرات کوہلی صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان روہت شرما نے چاروں اطراف کھیلا۔انہوں نے 41 گیندوں پر 92 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ رشبھ پنت 15، سوریا کمار یادیو 31 اور شیوم دوبے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا 24اور جڈیجا 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز سکور کیے۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکس سٹوئنس اور مچل سٹارک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔