ہتھیار پھینکنے والے کچے کے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں لایا جائے: صدر مملکت

08:08 PM, 24 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

سکھر:صدر مملکت آصف علی زرداری  کاکہنا ہےکہ  کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔سکھر میں صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت سندھ میں سکیورٹی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔


ان کامزید کہنا تھاکہ   ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو بتدریج قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ گھناؤنے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کر کے ملک کا ذمہ دار اور کارآمد شہری بنانا چاہیے۔

صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے جو امن کے فروغ، سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے۔

آصف زرداری نے کہا کہ قومی جرگہ جرائم کی روک تھام ، علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایم این اے سید خورشید شاہ، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، سپیکر سندھ اسمبلی ، وفاقی و صوبائی وزرا، رینجرز اور ملٹری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں صدر مملکت کو سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ یکم مئی کے اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صدرت مملکت نے کہا کہ صوبے کی سکیورٹی چیلنجز، ضروریات مؤثر طریقے سے پورا کرنے کیلئے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، سندھ پولیس کو جدید آلات ، ہتھیار، مناسب انسانی وسائل ، لاجسٹکس فراہم کر کے استعدادِ کار بڑھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی کیلئے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، سندھ پولیس میں خواتین کی شمولیت کیلئے انکی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، سندھ پولیس کے شہداء کے خاندانوں اور بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔

آصف علی زرداری نے سکرنڈ پولیس کمانڈو سکول کی اپ گریڈیشن ، کیڈٹ کالج برائے پولیس کے قیام کیلئے اراضی کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج کے منتخب طلبا کو سندھ پولیس میں بھرتی ہونے کیلئے تعلیم و تربیت دی جائے۔

صدر مملکت نے جرائم پر قابو پانے ، سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے میں سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں