کوئٹہ: سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ آپریشن عزم استحکام درحقیقت آپریشن عدم استحکام ثابت ہوگا۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آپریشن عزم استحکام درحقیقت آپریشن عدم استحکام ثابت ہوگا۔
ان کاکہنا تھا کہ جمہوریت اپنا مقدمہ ہار چکی، پارلیمنٹ بھی اپنا مقدمہ ہارچکی ہے۔ اس وقت ملک میں ریاست کی رٹ نہ ہونے کے برابرہے۔ ہماری 300 سالہ تاریخ غلامی کے خلاف جنگ لڑ نے کی ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ آئین پر عمل نہیں ہوگا تو عوام کی ریاست سے وفاداری کی کوئی ضمانت نہیں دےگا۔ خیبرپختونخوا میں سورج غروب ہونے کے بعد پولیس تھانوں میں چھپ جاتی ہے۔ آئین پر عمل نہیں کریں گے تو مسائل پیدا ہوں گے۔ ہم ملک کی ایک چھت کے نیچے رہنا چاہتے ہیں چھت توڑنا نہیں چاہتے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین اتحاد بنانے سے پہلے ہم سے مشاورت ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔ہم اپوزیشن جماعتوں کے اس اتحاد کو منفی نظر سے نہیں دیکھ رہے۔
انہوں نے دریافت کیا کہ ماضی میں کو آپریشنز ہوئے ہیں ذرا ان کے نتائج سامنے رکھیں، آج ہم کہاں کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان حالات کو بھگت رہے ہیں، میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں رہتا ہوں، ہمیں قومی جذبے کے ساتھ نئی منزل متعین کرنی ہوگی جو اس ملک کی بقا کی ضامن ہو اور آئین پر عمل ہو۔