اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔اس اجلاس میں آپریشن ’عزم استحکام‘ سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن ’عزم استحکام‘ شروع کرنے کے حوالے سے کابینہ سے منظوری لی جائےگی جب کہ اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بعض تجاویز کو واپس لینے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن ’عزم استحکام‘ کے آغاز کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی قومی مہم کو دوبارہ متحرک اور فعال کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اہم وزرا بشمول نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے شرکت کی تھی۔
تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، سروسز چیفس، صوبوں کے چیف سیکریٹریز کے علاوہ دیگر سینئر سویلین، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔