سعودی حکام کی دوران حج 1301 حجاج کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

10:04 AM, 24 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

جدہ: سعودی عرب نے حج کی ادائیگی کے دوران 1301 حجاج کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔

سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ یہ اموات مناسب پناہ گاہ نہ ہونے اور آرام کیے بغیر براہ راست سورج تلے تیز دھوپ میں طویل فاصلے تک پیدل چلنے کی وجہ سے ہوئیں۔

سعودی وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق حجاج میں متعدد معمر اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 83 فیصد اموات ان حجاج کی ہوئیں جو اجازت کے بغیر حج میں شامل ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ مصری حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں مصر کے 672 شہری شامل ہیں جبکہ 25 لاپتہ ہیں جبکہ انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں انڈونیشیا کے 236 شہری شامل ہیں۔

بھارتی امور خارجہ کی ایجنسی کے مطابق 98 بھارتی شہری بھی جاں بحق حجاج میں شامل ہیں۔اسکے علاوہ جاں بحق حجاج میں تیونس، اردن، ایران اور سینیگال کے شہری بھی شامل ہیں.

مزیدخبریں