اسلام آباد: سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ عید کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ وہ کچھ ہوگا کہ لوگ ضیاء الحق کے دور کو بھول جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے حامد میر نے کہا کہ ابھی تو عمران خان کے ساتھ کچھ نہیں ہوا ان کے ساتھ عید کے بعد جو کچھ ہونے جا رہا ہے یہ سب کیلئے حیران کن ہوگا۔ فوجی عدالتیں اور گرفتاریاں تو اس کے سامنے کچھ بھی نہیں۔
حامد میر نے مزید کہا کہ اگست میں اسمبلیاں کی مدت پوری ہوگی تو اس کے بعد ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی الیکشن کرانے کیلئے ایک ہی صف میں کھڑے ہوں گے۔ نواز شریف کی نااہلی اتنی جلدی ختم نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے خاتمے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی جس کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے ۔ اسی لیے مسلم لیگ ن جلد انتخابات چاہتی ہے۔