ماسکو: روسی شہر روستوف آن ڈان میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے قریب زور دار دھماکا ہو ا ہے۔ دھماکے کے بعد دھواں ہر طرف پھیل گیا۔
روسی سرکاری خبر رساں ادارے آر ٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خبر دی ہے کہ روسی شہر روستوف آن ڈان میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے ۔
آر ٹی نے ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس میں دھماکے کی آواز کو سنا جا سکتا ہے اور اس کے بعد لوگوں کو بھاگتے اور چیختے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر فوٹیج میں آگ دکھائی دے رہی ہے جس کا دھواں پورے شہر میں دکھائی دے رہا ہے۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ روس کے جنوبی شہر روستوو آن ڈان میں روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے زیر استعمال عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق روستوف کے گورنر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جس سے ایندھن کے ٹینکوں میں آگ لگ گئی ۔آگ 800 مربع میٹر تک پھیل گئی تھی جس کی وجہ سے دو دیواریں گر گئیں جس سڑک پر عمارت واقع ہے اسے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
روسی میڈیا ذرائع کے مطابق روسی آرمی کے تعلقات عامہ کے دفتر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12:30 بجے پر لگی اور حکام نے مقامی وقت کے مطابق 16:00 بجے (13:00 GMT) تک آگ پر قابو پالیا۔روسی میڈیا کے مطابق حکام نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے لیکن مزید تفصیلات پیش نہیں کیں۔
واضح رہے کہ یہ شہر یوکرین کے ڈونیٹسک اور لوہانسک علاقوں سے متصل جنوبی روستوف علاقے کا دارالحکومت ہے، جو اس وقت جنگ میں شدید لڑائی کا منظر ہے۔