لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت آج بھی بڑھنےکا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گرمی بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 516 میگاواٹ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 42، سبی میں 45، نوکنڈی میں 49، دادو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کے امکانات ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے لاہور ، کراچی ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہے ۔ پشاور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹے سے تجاوز کرگیا ۔ لاہور اور کراچی میں بھی 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے۔ بجلی کی طلب بڑھتے ہی ٹرانسفارمرز خراب ہونا شروع ہو گئے۔
پاورڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 516 میگاواٹ ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 484 میگاواٹ جبکہ طلب 28ہزار میگاواٹ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شہریوں کی شکایات پر لیسکو عملے نے فون سننا بند کردیا۔
ساتھ ہی ساتھ بجلی کی بندش سےشہریوں کو پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے ۔
واضح رہے کہ لاہور میں ہیٹ ویو سے 2 اموات سامنے آئی ہیں۔