لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں پارٹی قائد میاں نواز شریف سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر نگران سیٹ اپ کے قیام اور دیگر معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرانس میں ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے ملاقات خوشگوار رہی، منیجنگ ڈائریکٹر کو بتا دیا پاکستان نے تمام شرائط پوری کر دیں، اب بورڈ لیول معاہدہ ہو جانا چاہیے۔ مزید براں انہوں نے پاکستان کےساتھ پروگرام کی بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملٹری کورٹس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے نوٹس کا علم ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی آئندہ ماہ وطن واپسی متوقع ہے، نواز شریف کی لیگل ٹیم نے بھی عندیہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ لندن سے دبئی جائیں گے، جہاں سے ان کی سعودی عرب روانگی ممکنہ ہے۔