اسلام آباد: حکومت تبدیل ہوگئی ہے لیکن مہنگائی ختم نہ ہوسکی ۔ ایک ہفتے میں آٹا ، دودھ ،،دالیں، انڈے،کوکنگ آئل سمیت بتیس اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں۔ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے مہنگائی کی مجموعی شرح 28.05 فیصد تک جا پہنچی۔
مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ایک ہفتے میں مہنگائی 1.01 فیصد بڑھ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 32 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
پیاز کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 9 پیسے ، دال مونگ 9 روپے 2 پیسے،5 لٹر کوکنگ 122 روپے تک مہنگا ہوگیا ۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 24 روپے 89 پیسے،دودھ کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 3 پیسے ، دال ماش کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 77 پیسے ، فی درجن انڈے 7 روپے 19 پیسے اوردال مسورکی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ہوا ۔
ادارہ شماریات کے مطابق 5 لٹر کوکنگ آئل کی قیمت 2770 روپے تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے میں 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 15 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔