اسلام آباد: حکومت نے ملک کی بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم سے خطاب میں کہا کہ اسٹیل، شوگر ملز، آئل اینڈ گیس، آٹوموبائل،بینکنگ ،سگریٹ ، اور ہوابازی کے شعبوں پر سپر ٹیکس لگے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربت ختم کرنے کیلئے صاحب ثروت افراد پر ٹیکس لگایا جارہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لیےمشکل فیصلے کیے، ہماری کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت میں بدترین کرپشن ہوئی ، ان کی ناتجربہ کاری اور کرپشن کی وجہ سے معیشت دیوالیہ ہونے جا رہی تھی لیکن ملک اب ان مشکلات سے نکل آئے گا۔ ہم نے بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے اور یہ تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہے، ہم نے بجٹ میں معاشی وژن دیا۔ یقین ہے مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔
بڑی صنعتوں پر بڑ ا ٹیکس،کون کون سی صنعتیں شامل ہیں؟
— Neo News (@NeoNewsUR) June 24, 2022
وزیر اعظم نے بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس کا اعلان کردیا!#NeoNewsHD #NeoVideos #NeoBreakings #RegimeChangeInPakistan pic.twitter.com/ocorls7c7z
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد ہمارے پاس 2 راستے تھے، ایک الیکشن کی طرف جائیں یا دوسرا راستہ کہ مشکل فیصلے کریں اور ڈوبتی معیشت کو سنبھالیں، ہم نے ہچکولے کھاتی معیشت کو سہارا دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا یہ وقت سیاست بچانے کا نہیں ہے، ہم نے اتحادیوں کیساتھ مل کر پاکستان کیلئے اپنی ذات اور سیاست کو قربان کر دیا۔ان فیصلوں سے ملک دیوالیہ پن سے نکل آئے گا اور فیصلوں کا بنیادی مقصد عوام کو مشکل سے نکالنا ہے، کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجٹ میں کیے گئے اعلانات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوگئی ہیں اور اب اگر آئی ایم ایف سے مزید شرائط نہ آئیں تو امید ہے معاہدہ ہو جائے گا۔