اسلام آباد: مشعال ملک نے انتہا پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کو سال کا سب سے بڑا مذاق قرار دے دیا۔
اسیر کشمیری رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں انتہا پسند بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے کہ آپ آئے روز نیا ڈراما کرتے ہیں اور آج آل پارٹیز کانفرنس کر کے آپ کو اچانک مقبوضہ کشمیر کی یاد آ گئی۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آپ نے 5 اگست 2019 کو آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کر کے ہر کشمیری کو بے وطن کر کے پناہ گزین بنا دیا تھا۔ بھارتی وزیراعظم آج اپنے ہی ڈراما آرٹسٹس اور کٹھ پتلیوں کو بلا کر ایک آل پارٹیز اجلاس کا تھیٹر لگا رہے ہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا گونگی، بہری اور اندھی ہوگئی ہے، کیا انہیں نظر نہیں آرہا ہے بھارتی سرکار نے 2 سال قبل مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ حق خود ارادیت کی جدوجہد کے اصل وارث اور جمہوری آوازوں یعنی حریت رہنماؤں کو جیلوں میں قید کر کے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور کال کوٹھری میں رکھا ہوا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کو گھروں میں یرغمال بنایا ہوا ہے اور ان کی قبروں پر بندوقیں تان کر اپنے ہی لوگوں کے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں اور یہ تو اس سال کا سب سے بڑا مذاق ہوا۔
خیال رہے کہ کچھ رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، اس دوران مقبوضہ وادی کے اندر سیاسی عمل کو دوبارہ فعال کرنے پر بات چیت متوقع ہے۔