ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کو دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جو قومی سکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوں گے۔
صہیب مقصود کو حیدر علی کی جگہ قومی سکواڈ میں جگہ ملی ہے جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمید آصف کے ہمراہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے بنائے جانے والے بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کیا ہے جس کی وجہ سے وہ سکواڈ کے ساتھ نہیں جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر علی ناصرف دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے باہر ہو گئے ہیں بلکہ وہ اور عمید آصف آج شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں شیڈول پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا فائنل میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔
پاکستانی سکواڈ نے کل انگلینڈ کیلئے روانہ ہونا ہے اور صہیب مقصود خوش قسمت ہیں کہ وہ روانگی سے 24 گھنٹے قبل قومی سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد وسیم نے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
صہیب مقصود پاکستان سپر لیگ 6 کے 11 میچز میں اب تک 40.33 کی اوسط کیساتھ 363 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 153 کے قریب رہا۔ وہ اس سے قبل 26 ون ڈے اور 20 ٹی 20انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیںجبکہ آخری بار انہوں نے 2016ءمیں پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں حصہ لیا تھا۔
حیدر علی کے مسلسل ناکام ہونے کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی پر تنقید ہو رہی تھی اور ان فارم بیٹسمین صہیب مقصود کو ٹیم میں شامل کئے جانے کی با تیں ہو رہی تھیں۔ حال ہی میں این ایچ پی سی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صہیب مقصود ان فارم ہیں ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
حیدر علی کی جگہ صہیب مقصود انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل
03:30 PM, 24 Jun, 2021