لندن: برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے لندن سے اسلام آباد دوطرفہ خصوصی چارٹر پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی ائیر لائن پی آئی اے نے لندن سے اسلام آباد دو طرفہ چارٹر پروازوں میں اضافہ کیا ہے جس کے تحت چارٹرڈ پروازیں 31 جولائی تک چلائی جائیں گی جبکہ 10 جولائی سے 8 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
اس ضمن میں پہلی پرواز 10 جولائی کو لندن سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گی جبکہ دو طرفہ پروازیں 12، 14، 17، 22، 24، 28 اور 31 جولائی تک چلیں گی جنہیں چارٹرڈ کمپنی ہائی فلائی کے ذریعے آپریٹ کیا جائے گا۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان چارٹرڈ پروازوں سے ناصرف برطانیہ سے پاکستان سفر کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو سہولت ہو گی بلکہ لندن جانے والے افراد کو بھی سفری سہولت میسر آئے گی۔