کراچی: افغانستان سے اتحادی افواج کے ساز و سامان کی منتقلی کے کام پر مامور یوکرینی ایئرلائن کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کارگو ہوائی جہاز انتونو اے این 225 ماریہ آج صبح کراچی سے برطانیہ روانہ ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی دوپہر کابل سے کراچی پہنچنے والا یہ جہاز لگ بھگ 21 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود رہا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق انتونو اے این 225 ماریہ یوکرائن کے کییو ایئرپورٹ سے بطور پرواز نمبر اے ڈی بی 359 ایف بدھ کو علی الصباح افغان دارلحکومت کابل پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق بھاری جنگی سازوسامان کی لوڈنگ کے بعد یہ جہاز فلائٹ اے ڈی بی 3859 کے طور پر بدھ کی دوپہر کراچی اترا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 32 سال پرانے اس سٹریٹجک جہاز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 20 گھنٹے کے زائد کا ٹیکنیکل سٹاپ کیا اور پھر آج صبح برطانیہ کیلئے روانہ ہو گیا۔
انتونو اے این 225 ماریہ 20 اپریل 2018ءکو پہلی مرتبہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آچکا ہے، 6 ٹربوفن انجن والا یہ اب تک کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری طیارہ ہے۔ انتونو اے این 225 ماریہ نے دسمبر 1988ءمیں پہلی اڑان بھری، اس طیارے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 640 ٹن ہے۔