لاہور میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

11:16 AM, 24 Jun, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار بچ نہیں پائیں گے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے، معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کی ہے، مٹھی بھر دہشت گردوں کو امن و امان خراب نہیں کرنے دیں گے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر ان کا بے حد شکرگزار ہوں اور انسانیت کی خدمت کرنے پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

مزیدخبریں