ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ جو اعصاب پر قابو رکھے گا، وہ فائنل میچ میں کامیاب ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا فیصلہ کن میچ آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا جس کیلئے ناصرف شائقین بے چینی سے منتظر ہیں بلکہ دونوں ٹیمیں اپنی تیاریاں مکمل کر کے بے صبری سے میچ شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ فتح کیساتھ ٹرافی اپنے نام کر سکیں۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ فائنل میں وہ کامیاب ہوگا جو اعصاب پر قابو رکھے گا، زلمی کوفیصلہ کن معرکہ کھیلنے کا زیادہ تجربہ ہے ، اندازہ ہے کہ اس میچ کا دباؤ کیا ہوتا ہے لہٰذا فائنل میں تگڑا مقابلہ ہوگا۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ فائنل میں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے اور سب مل کر محنت کریں گے، اگرچہ ہماری ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے مگر تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا کر فتح کیلئے پرامید ہیں۔