بارسلونا: کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی دنیا میں ’اینٹی وائرس‘ سافٹ وئیر کے بانی ’جان میکافی‘ نے سپین کی جیل میں مبینہ خودکشی کر لی ہے اور وہ اپنے سیل میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جان میکافی پر 2014ءسے 2018ءتک ٹیکس ریٹرنز جمع نہ کرانے، اثاثے چھپانے کا بھی الزام تھا اور انہوں نے اپنی آمدنی دوسروں کے نام پر اکاؤنٹس میں جمع کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جان میکافی کو امریکہ میں ٹیکس چھپانے کے الزام میں اکتوبر 2020ءمیں سپین میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ سپین کے شہر بارسلونا کی عدالت نے جان میکافی کو امریکہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
جان میکافی کی سپین میں گرفتاری کے وقت امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ جان میکافی پر اثاثے چھپانے کا بھی الزام ہے اور انہوں نے اپنی آمدنی دوسروں کے نام پر اکاؤنٹس میں جمع کی۔
امریکی محکمہ انصاف کا یہ بھی کہنا تھا کہ جان میکافی کی سپین سے امریکہ منتقلی ابھی باقی ہے اور ان پر عائد الزامات ثابت ہونے کی صورت میں 5 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔