مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی سپائیڈر مین سے ملاقات، دلچسپ ویڈیو وائرل  

08:03 AM, 24 Jun, 2021

ویٹی کن سٹی: مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے بچوں کی کہانیوں کے مشہور کردار سپائیڈر مین نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پوپ فرانسس نے ویٹی کن سٹی میں آئے درجنوں مہمانوں اور زائرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر فرداً فرداً سب سے مصافحہ کیا اور ان کی دلجوئی کیلئے باتیں کیں۔

اس موقع پر پوپ فرانسس کے یہاں مدعو دعوت میں ایک مہمان ایسا بھی موجود تھا، جس بچوں کی کہانیوں کے مشہور کردار سپائیڈر مین کا لباس پہنچا ہوا تھا۔

پوپ فرانسس نے نوجوان کی اس حرکت کا بالکل برا نہیں منایا بلکہ خود چل کر اس کے پاس گئے اور اس کا حال احوال پوچھا۔

سپائیڈرمین کا روپ دھارے اس شخص نے پوپ فرانسس کو بطور تحفہ اپنا ماسک پیش کیا، جبکہ دونوں نے ایک ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بھی بنوائیں جسے سوشل میڈیا صارفین بہت پسند کر رہے ہیں۔

اطالوی میڈیا کے مطابق سپائیڈرمین کا روپ دھارے پوپ فرانسس سے یہ تاریخی ملاقات کرنے والا شخص ایک رضاکار ہے جو بچوں کا ہسپتال چلا رہا ہے۔ یہاں زیر علاج بچوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف بھی کامک کرداروں کے لباس زیب تن کرتے ہیں تاکہ بچوں کا دل لگا رہے اور وہ ہسپتال کے گھٹن زدہ ماحول سے گھبرا نہ جائیں۔

رپورٹ کے مطابق سپائیڈرمین کا روپ دھارنے والے اس شخص کا نام ماتیا ویلار دیتا ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا ہر ماہ عوام کو ملاقات کا شرف بخشتے ہیں۔

مزیدخبریں