لاہور: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے لاہور میں ڈیرے لگا لیے ہیں اور بلاول بھٹو بھی کشمیر الیکشن کے بعد آ جائے گا اور سندھ کی پارٹی کا طعنہ دینے والوں کو جلد پتہ لگ جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انہوں نے یہ بات سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پنجاب میں دوبارہ ابھر کر سامنے آئیں گے اور سندھ کی پارٹی کا طعنہ دینے والوں کو جلد پتہ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بتائیں گے کہ پنجاب اب بھی ہمارا ہے۔
آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب سے مختلف جماعتوں کے اراکین پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے۔
سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور این ایف سی ایوارڈ میں مصنوعی اصلاحات نہیں ہونے دیں گے۔
سابق صدر پاکستان نے کہا کہ ایسی تبدیلیاں پارلیمنٹ میں لاکرکرنی چاہئیں۔ انہوں ںے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔
ترجمان آصف زرداری کے مطابق انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا جب کہ مہنگائی 500 فیصد بڑھی ہے۔ آصف علی زرداری نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کیا۔