بلاول بھٹو زرداری نے طیارہ حادثے کی حکومتی رپورٹ مسترد کر دی

08:30 PM, 24 Jun, 2020

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار افراد کو موردِ الزام ٹھہرانے اور قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

اپنی ٹوئٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ ٹرین کا حادثہ ہو تو وزیر ریلوے کو فارغ کرنا چاہیے، طیارہ حادثہ ہو تو وزیر ایوی ایشن کو فارغ کرنا چاہیے اور اب یہ پائلٹ اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی طیارہ حادثے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طیارہ حادثے کے معاملے پر وزیر ہوا بازی کو جانا ہوگا۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارہ پائلٹ اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کی غفلت کے باعث گرا۔

22 مئی کو کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہو گئی تھی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

مزیدخبریں