بنوں : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءنعیم الحق نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی بیماری ڈھونگ ہے،ہمارے بھی وہاں ذرائع ہیں، کلثوم نواز تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں، ہماری دعائیں ان کیساتھ ہیں،دعا ہے کہ کلثوم نوازجلدازجلد صحتیاب ہوکر وطن واپس آئیں۔
تحریک انصاف کے رہنماءنعیم الحق نے بنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ دوست محمد اور انکی کابینہ قانون توڑ رہی ہے۔ کے پی کابینہ لوگوں کو جے یوآئی کی جانب راغب کر رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنرنوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کشمیرکازکو نقصان پہنچایا۔ 2013ءمیں بھی انتخابات دھاندلی کا شکار ہوگئے تھے۔ نعیم الحق نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم اور پنجاب میں ن لیگ نے دھاندلی کی۔ اس الیکشن میں پاک فوج کی جانب سے دھاندلی نہ ہونےکی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔