نئی دہلی بھارت میں مودی کی حکومت آنے کے بعد ملک میں مختلف قسم کے فسادات پھیل رہے ہیں۔ ملک میں رہنے والے مسلمانوں کیلئے زمین مزید تنگ کی جا رہی ہے۔گا ئے کی پوجا کرنے والے انتہا پسند افراد نے گا ئے کا گوشت ساتھ رکھنے کے الزام میں ایک مسلمان نوجوان کو ہلاک اور اسکے بھائیوں کو زخمی کردیاہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 15سالہ مسلمان نوجوان جنید خان بس میں سفر کر ہا تھا کہ اسکی ساتھ بیٹھے مسافر کیساتھ تکرار ہو گئی۔تکرار سے کچھ دیر بعد ہی پندرہ سے بیس لوگوں کے ہجوم نے جنید اور اسکے بھائیوں پر دھاوا بول دیا۔
مقتول جنید کے بھائی کے مطابق وہ بس میں سفر کر رہے تھے کہ پاس بیٹھے کچھ لوگوں نے شور مچانا شروع کر دیا کہ یہ ساتھ تھیلی میں گائے کا گوشت لے کر جا رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس تھیلی میں گائے کا گوشت نہیں بلکہ کھانے پینے کی اشیاءہیں لیکن انھوں نے اس بات کو نظر انداز کرتے ہوئے خنجر سے حملہ کر دیا جس کی زد میں آکر جنید چل بسا اور اسکے بھائی شاکر کی گردن ، سینے اور ہاتھوں پرزخم آئے ہیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق واقعہ کی چھان بین کی جا رہی ہے اور ملزم اجے کمار کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔