راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان جاری کردیا۔ عیدالفطر کے اجتماعات کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد خان عباسی کی خصوصی ہدایات پرچاند رات اور عیدالفطر کے حفاظتی انتظامات کے لئے فول پروف سیکورٹی پلان جاری کر دیا۔عیدالفطر کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں 873 مساجد 50 امام بارگاہ اور 63 کھلے مقامات پر نمازعید ادا کی جائے گی۔
چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے تقریباً 3800سے زائد افسران وملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ عیدالفطر پر پولیس فورس کے علاوہ ایلیٹ فورس، گھڑ سوار پولیس، موٹر سائیکل سوار ،کوئیک ریسپانس فورس، رضاکاراور لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹی سر انجام دی گی اور پٹرولنگ کو مزید موثر بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ فٹ پٹرولنگ بھی جاری رہے گی۔
تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سوار پولیس چاند رات اور عیدالفطرکے موقع پر اپنے اپنے علاقہ جات میں گشت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔عیدالفطر کے اجتماعات میں مساجداور کھلے مقامات پر داخلے کے لئے ایک ہی راستہ استعمال کیا جائے گااور تمام شرکاء کی باڈی سرچ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لینے کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے. ضلع راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں عید کے موقع پر پبلک پارک وغیرہ میں عوام کا کافی رش ہوتا ہے اس سلسلہ میں تمام پبلک پارکس پر خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور ان مقامات پر کار چوری ،جیب تراشی اور ہلڑ بازی کے انسداد کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا کسی بھی مشکوک چیز کو دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ پولیس کو اطلاع دیں۔
راولپنڈی پولیس ہمیشہ کی طرح عوام الناس کی حفاظت کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لا کردن رات ایک کر کے تن دہی سے ڈیوٹی سر انجام دے گی۔