پشاور: مفتی شہاب الدین پوپلزئی 2 دن سے پراسرار طور پر لاپتہ

01:08 PM, 24 Jun, 2017

پشاور: پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی دو دن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئےہیں ۔ مفتی شہاب الدین اسلام آباد سے پشاور جاتے ہوئے راستے میں غائب ہوئے ہیں جبکہ مفتی شہاب الدین کا موبائل کل سے آؤٹ آف سروس جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے اہم رکن مولانا خیرالبشر سمیت کئی ممبران کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ پولیس کی جانب سے کمیٹی کے دیگر ارکان کیخلاف بھی کریک ڈاون شروع کیا جا رہا ہے۔

عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان کی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام کو منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ادھر عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل اتوار کو پشاور میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

واضح رہے  صوبہ خیبر پختونخوا کے تقریباً 70 سے 80 فیصد لوگ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی رمضان کا آغاز کرتے ہیں اور عید الفطر مناتے ہیں۔ اس کمیٹی کا صوبہ کے دیگر اضلاع کی کمیٹیوں کے ساتھ بھی رابطہ قائم ہے۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مسجد قاسم علی خان گزشتہ تقریباً دو صدیوں سے رمضان کی آمد اور عید الفطر کے حوالے سے فتوے جاری کررہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ پوپلزئی خاندان پچھلے 80 سالوں سے اس مسجد کا انتظام بھی کرتا آرہا ہے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں